قومی اسپورٹس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: ریاض حسین پیر زادہ

اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملے کو غیر جانبدارانہ انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔وزیر اعظم کی منظوری کے بعد سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے حکام کے سامنے معاملہ دوبارہ اٹھائیں گے،قومی اسپورٹس پالیسی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، قانون پرسب کو عمل درآمد کرنا ہوگا، کھیلوں کے معاملات پر اسپورٹس ٹریبونل تشکیل دیاجائے گا۔ ریاض پیرزادہ نے کہاکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں گورننس کا نظام کمزور ہے جس کے باعث ہرفیڈریشن نے للکارنا شروع کردیا ہے،پی ایس بی کی گورننس کو بہتربنایا جارہا ہے۔ ہم کھیلوں سے متعلق معاملات کو ایک پلیٹ فارم پرتشکیل دینے کے لیے اسپورٹس ٹریبونل تشکیل دیں گے،جس کی تشکیل سے قبل تمام فریقین سے مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں سے متعلق ہر معاملے پراگر عدالتوں میں ہی جانا ہے تو پھرحکومتی پالیسیوں اور قوانین کا کیافائدہ ہے۔وزیراعظم کی منظوری کے بعد وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ پی او اے کے معاملے پرحکومتی موقف، سپریم کورٹ کی ہدایات اورسینیٹ کی قرارداد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے حکام کو جلد پیش کریں گے تاکہ اس تنازع کوحل کیا جاسکے۔

Latest from Blog