لاہور(پی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے سابق صدر شہباز شریف کو قائم مقام صدر اور پارٹی کے پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کو جماعت کے انتخابات کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کردیا۔ن لیگ سیکرٹریٹ میں سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد طویل اجلاس ہوا۔اجلاس میں پارٹی قائد نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، اسحٰق ڈار، خواجہ، سعد رفیق سمیت ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے 109 سے زائد اراکین نے شرکت کی، اجلاس کی صدارت کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کی۔اجلاس میں شہباز شریف کا پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ منظور کرنے کا اعلان کیاگیا اور شہبازشریف کی بطور پارٹی صدر 7 سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیا جس کے بعد پارٹی قائدین کی جانب سے شہباز شریف کا نام بطور پارٹی قائم مقام صدر تجویز کیا گیا جس کی نواز شریف سمیت دیگر اراکین نے تائید کی۔پی پی آئی کے مطابق خواجہ سعد رفیق، مصدق ملک، سیف الملوک کھوکھر کا کہنا تھاکہ پارٹی کے حتمی صدر نوازشریف ہی ہوں گے تاہم پارٹی کے اصولوں کے مطابق شہباز شریف کی بطور قائم قام صدر نامزدگی کی گئی ہے۔