بلوچستان میں ڈینگی کی وبا پھیل گئی، کیچ، تربت اضلاع میں 14 افراد جاں بحق

کوئٹہ(پی پی آئی) بلوچستان کے کیچ، تربت اضلاع میں ڈینگی کی وبا پھیلنے سے 14 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔بلوچستان کے پنجگور،کیچ، تربت اور گوادر سمیت مختلف اضلاع میں ڈینگی کی وبا پھوٹ پڑی  ہے جس کے نتیجے میں مکران ڈویژن کے ضلع کیچ میں رواں سال کے دوران 5 ہزار سے زائد افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔پی پی آئی کے مطابق ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت میں اب تک 14 افراد ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں، یہ اموات تربت کے مختلف دیہات میں ہوئی ہیں،  رواں سال کے دوران 24 ہزار 552 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 5 ہزار 329 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ہزاروں افراد میں ڈینگی کی تشخیص اور 14 اموات کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے کیچ میں ایمرجنسی نافذ نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی مریضوں کو کسی قسم کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں ٹیسٹ اور لیبارٹری کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔خیال رہے کہ گوادر کے ضلع پنجگور میں بھی ڈینگی کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

Latest from Blog