ایشین گیمز:دفاعی چمپین پاکستان نے بنگلہ دیش کو ویمنز کرکٹ میں بے حال کردیا

انچیون:دفاعی چمپیئن پاکستان نے ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ مقابلوں میں بنگلہ دیش کو ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔گولڈ میڈل کے لیے کھیلے جانے والے فائنل میچ کو بارش کے باعث مکمل نہیں کیا جاسکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے بنیاد پر پاکستان کو چار رنز سے فتح یاب قرار دیا گیا۔پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 97رنز بنائے ،پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف نے 24اورنین عابدی 18رنز بنا کر نمایاں رہیں،پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس کے نتیجے میں بڑا ہدف نہیں دیا جا سکا۔بنگلہ دیش کی رومانا احمد نے 13رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب کے لیے میدان میں اتری تو بارش نے رکاوٹ ڈالی ،بنگلہ دیش کی ٹیم ایک وقت میں دو وکٹیں کھو کر 30رنز بنا چکی تھی تاہم جب میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا تو 38رنز پر ان کی نو وکٹیں گر چکی تھیں۔بنگلہ دیش کی رومانا احمد نے 10اور فرغانہ حق نے بھی 10رنز بنائے ،پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے دو رنز کے عوض دو وکٹیں جبکہ سادیہ نے دو وکٹیں لینے کے صرف دو رنز دے دیے۔ واضح رہے پاکستانی ٹیم اپنے اعزاز کے دفاع میں کامیاب ہوگئی۔

Latest from Blog