اقوام متحدہ  بھارت کی بربریت کا نوٹس لے، پرویز احمد

 اسلام آباد (پی پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیرشاخ نے کہا ہے کہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور کشمیری نظربندوں کی حالت زار کو اجاگر کیا جائے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد نے آج جینوا روانہ ہونے سے قبل صحافیوں  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے کو مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربندکشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم سے آگا ہ کیا جائے گا تاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل بھارت کی بربریت کا نوٹس لے اورکشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے کیلئے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری سیاسی قیدیوں کے حقوق کوسلب کررکھا ہے اور انہیں علاج و معالجے اور دیگر سہولیات سے یکسر محروم کررکھا ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف موذی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے قیدیوں کے حوالے سے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر کررکھ دی ہیں۔

Latest from Blog