پشاور :آرمی اسکول پر دہشت گردوں کا حملہ،100سے زائد شہید کئی بچے زخمی ہوگئے

پشاور:پشاور میں آرمی اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں سو سے زائد بچے شہید اور 83سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ آپریشن میں تین دہشت گردوں کو بھی ماراگیا۔پشاور کے ورسک روڈ پر واقع آرمی پبلک اسکول میں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی وردی میں اسکول کے اندر داخل ہوگئے اور فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر کئی بچے جاں بحق ہوگئے ، لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ اور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیا ۔ دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ہمراہ پشاورکے لئے روانہ ہوگئے، وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پشاور کا واقعہ تکلیف دہ اور قومی سانحہ ہے،یہ میرا اور میری قوم کا نقصان ہے،اسلام آباد نہیں رک سکتا۔ وزیراعظم نے معصوم جانوں کے ضیاع پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ خود آپریشن کی نگرانی کروں گا،حملہ آوروں کو ہرصورت کیفرکردارتک پہنچائیں گے۔ وزیرداخلہ چوھدری نثارعلی خان کا کہناتھا کہ عوام افواہوںپر کان نہ دھریں ،سیکورٹی ادارے صورت حال کو سنبھال لیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 23 بچوں کی لاشیں موجود ہیں جبکہ سی ایم ایچ میں 40 بچے زخمی ہیں اور 60 بچوں کی لاشیں موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگرد ایف سی کی وردیوں میں ملبوس ہو کر آرمی سکول پہنچے تھے۔ فوج کا آرمی سکول میں ریسکیو آپریشن جاری ہے ،دو دہشتگردوں کو مارا گیا ہے جبکہ ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ انھوں نے خیبر پختونخوا تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔امیر جماعت اسلامی نے صوبائی سنیئر وزیر عنایت اللہ کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اورواقعے کی مذمت کی ، امیرجماعت اسلامی کاکہناتھا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کا فرض ہے اور اس طرح کی غفلت ناقابل برداشت ہے۔ اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور بھی موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی پرزور مذمت کی۔

Latest from Blog