اسلام آباد(پی پی آئی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کوشش ہے تمام مہمان پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر لے کر جائیں جس کے لیے انہیں اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ایس سی او سے اپنے خطاب میں خطے کے مسائل سمیت افغانستان، دہشت گردی، امن وامان، معیشت، ثقافت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات کی، ہم نے دنیا کو باور کروایا ہے کہ ہم ایسے اجلاسوں کی میزبانی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایس سی او کی صدارت کرنا پاکستان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں، تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں اجتماعی مسائل زیر بحث آئیں گے، آگے بڑھنے کے طریقوں پر بات کی جائے گی اس کے علاوہ اجلاس کے سائیڈ لائن پر تاجکستان، قازقستان اور ترکمانستان کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں سرمایہ کاری سے متعلق اہم گفتگو ہوئی۔