ٓاسلام آباد(پی پی آئی) حکومت نے کرتارپورراہداری معاہدے کی مزید پانچ سال کیلئے تجدید کا اعلان کیا ہے۔وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کا مقصد نارووال میں واقع گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔چوبیس اکتوبر دو ہزارانیس کو پانچ سال کی مدت کیلئے ہونے والے معاہدہ کے رواں ماہ کی چوبیس تاریخ کو پہلے پانچ سال مکمل ہوجائیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کی تجدید بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہارہے۔اس معاہدے کے تحت بھارت سے آنے والے یاتریوں کو ویزے کے بغیر رسائی فراہم کی جاتی ہے جس سے وہ اپنے مقدس مقام گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور آسکتے ہیں جہاں سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔