ُٰ اسلام آباد(پی پی آ ئی) ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایمی فین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں بی آئی ایس پی اور اے ڈی بی کے درمیان مستقبل میں اشتراک عمل بڑھانے پر غور کیا گیا جس کے تحت مستحق خاندانوں کو ہنرمندی کی تربیت کی فراہمی، بین الاقوامی اسناد کی فراہمی میں سہولت دینے اور بیرون ممالک ملازمتوں کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دی جائے گی۔روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی اس وقت ترانوے لاکھ مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کر رہا ہے جو اس سال کے اختتام تک ایک کروڑ ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے صوبائی سطح پر غربت کے خاتمے اور ہنر کی ترویج کے پروگراموں کو بی آئی ایس پی کے ساتھ منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے مستحق خاندانوں کی خوشحالی اور جاری اشتراک مستحکم بنانے کیلئے بی آئی ایس پی کی کوششوں میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔