اسلام آباد (پی پی آئی)نیشنل ٹاسک فورس کی شاندار حکمت عملی کے باعث پاور سیکٹر میں جامع اصلاحات کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق، وزیر برائے بجلی اویس لغاری کے علاوہ، ٹاسک فورس میں آرمی حکام اور دیگر اداروں کی نمائندگی بھی شامل ہے۔وزیر بجلی کے مطابق ٹاسک فورس پاور سیکٹر میں مختلف اصلاحات کے ذریعے عوام کی معاشی ترقی اور بہتری کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔یہ اصلاحات ناگزیر ہیں کیونکہ پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 9.5 بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں کمی، بجلی کی دستیابی کو بہتر بنانا اور مستحکم مسابقتی پاور مارکیٹ قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز کے ساتھ کچھ معاہدے ختم کر دیے ہیں۔وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کی فراہمی میں شفافیت لانے کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی بھی نجکاری کی جائے گی۔اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ پاور مارکیٹ کا ایک نیا ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا، اس پر زور دینے سے کسی ایک ڈسٹری بیوٹر پر انحصار کم ہو جائے گا۔