سری نگر (پی پی آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہا ہے کہ ان کی قید کی وجہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ان کا عزم ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر عبدالرشید اپنی عبوری ضمانت ختم ہونے کے بعد تہاڑ جیل واپس پہنچ گئے۔اس سے قبل ایک میڈیا انٹرویو میں انہوں نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی کہ انہیں ووٹوں کو تقسیم کرنے کے لیے رہا کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے لوگوں کے لیے جئیں گے اوران ہی کے لیے مریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی توجہ دفعہ 370، 35A، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور تنازعہ کشمیر کے حل جیسے جموں و کشمیر کے اہم مسائل پر مرکوز کی ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں ان کی جماعت عوامی اتحاد پارٹی نے محدود وقت اور وسائل کے باوجود نمایاں ووٹ شیئر حاصل کیا۔ انہوں نے اپنے حامیوں کے نام ایک پیغام میں کہاکہ وہ فکر نہ کریں، میں جموں و کشمیر کے لوگوں کا وفادار ہوں۔ میں اپنے حقوق کے لیے لڑوں گا، چاہے میں تہاڑ میں ہوں یا تہاڑ سے باہر۔ سچ ہمارے ساتھ ہے مضبوط بنو، ہم لڑیں گے اور جیتیں گے۔