مظفرآباد/آزاد کشمیر(پی پی آئی) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اْن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کی جانی چاہیے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی پارلیمنٹ سے موثر انداز میں کشمیریوں کی حمایت کی جانی چاہیے تاکہ بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی دباؤ میں اضافہ ہو سکے۔ بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچایا ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ کیونکہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا کی پالیسیوں پر گامزن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم وجبر کی انتہاکر دی گئی ہے۔ لہذا عالمی برادری پر زور دیا جائے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے بھارت پر اثر و رسوخ استعمال کرے۔ کشمیری عوام ایک طویل عرصے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ملاقات میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اورعرفان کیانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم پاکستان کی سینٹ اور قومی اسمبلی سمیت دیگر فورمزسے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کے خلاف موثر انداز میں آواز بلند کرنے کے لئے اپنا کردار پورے شدومد سے ادا کریں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Next Post
رات کو سونا ضروری، صبح میں روڈ ایکسیڈنٹس کی بڑی وجہ نیند کی کمی:طبی ماہرین
Wed Nov 13 , 2024
کراچی(پی پی آئی)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کم سونا یا نیند نہ آنا تمام علاج اور تھیراپیز کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے، نیند کی خرابی نفسیاتی عوارض پی ٹی ایس ڈی، ڈپریشن، انزائٹی میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے، اس حوالے سے اسکریننگ ٹولز پر عملدرآمد، عوامی سطح پر آگاہی اور ماہرین کو تربیت دینے کی ضرور ت […]
