اسلام آباد(پی پی آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کے روز پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ گلبرگ، لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ سرکاری بیان کے مطابق صوبائی وزیر شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہداء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ اور چوہدری شجاعت حسین نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے تجویز پیش کی کہ وفاقی حکومت کے نئے تعمیراتی منصوبے شہداء کے نام سے منسوب کیے جائیں۔ وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں تعمیر ہونے والے نئے منصوبوں کو شہداء کے نام سے منسوب کیا جائے گا اور اس کے نفاذ کے حوالے سے تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ عمل حکومت کی طرف سے شہداء اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں دنیا میں بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں نے اس جنگ میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ان عظیم قربانیوں کا بدلہ نہیں چکا سکتا کیونکہ شہداء نے ملک میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا خون بہایا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ہم شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آنے والی نسلوں کی خاطر ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس میں پوری قوم کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔