ننکانہ صاحب(پی پی آئی)سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات گوردوارہ جنم استھان میں شروع ہوگئیں۔تین روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پاٹ کی رسم سے ہوا، تقریبات میں دنیا بھر اور اندرون ملک سے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے گردوارہ جنم استھان کو دولہن کی طرح سجایا گیا ہے، سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے اٹھارہ محکموں کے دو ہزار سے زائد اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں نیزیکیورٹی کیلئے تین ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔