کراچی (پی پی آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسور ی سے گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ نے گورنر ہاو س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبوں کی ترقی میں وفاق کے کردار، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سمیت دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے لئے وفود کے تبادلے روشن مستقبل کی دلیل ہیں۔ ترجمان گورنر سندھ کے مطابق نہوں نے کہا کہ صوبہ کی ترقی میں وفاق کا کردار قابل تحسین ہے۔ وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی منصوبے عوامی مشکلات میں اہم ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حب کراچی میں وفاق کی بھرپور دلچسپی خوش آئند ہے۔ گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وفاق کا بھرپو ر تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اینیشیٹو کے تحت جاری منصوبے قابل تقلید ہیں۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آئیڈیاز نمائش کے کامیاب انعقاد پر آرمی چیف خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ آئیڈیاز نمائش نے دشمن ملک پر پاکستان کی دھاک بٹھا دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیڈیاز نمائش کے کامیاب انعقاد نے پاکستان کا پرامن امیج اجاگر کیا۔ آئیڈیاز نمائش سے مضبوط پاکستان کا تصور مضبوط ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش نے ثابت کیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں بے مثل ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش کے غیر معمولی اقدامات پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شب وروز محنت سے نمائش کے انعقاد نے کراچی کو دنیا کے نقشہ پر بھرپور ابھارا۔