سری نگر/مقبوضہ کشمیر(پی پی آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے آزادی پسند رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف فورسز کے جاری کریک ڈاؤن پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا بھارتی جبر کا مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے جائز حق کی بات کرنے والوں کو خاموش کرنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری نہتے شہریوں کا قتل، گرفتاری اور ظلم و تشدد کی دیگر کارروائیاں مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر ہونے کے بھارتی بیانیے کو بے نقاب کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت دراصل مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے ایک انتہائی مذموم منصوبے پر عمل پیراہے تاہم آزادی پسند غیور کشمیری عوام بھارتی منصوبوں کو خاک میں ملا دیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نہتے شہریوں پر مظالم کے خاتمے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباو ڈالیں۔