کراچی(پی پی آئی)میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کو 1974 میں ذوالفقار علی بھٹو نے یہ سوچتے ہوئے تعمیر کرایا تھا کہ یہاں کے لوگوں کو جناح اور سول اسپتال نہ جانا پڑے گا، ذوالفقار علی بھٹو صاحب نے اس علاقے کی خدمت کی ہے، پچاس سالوں میں جو اس اسپتال کا حال کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، آج پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں اس اسپتال کو ازسر نو بحال کررہے ہیں، تمام غیر فعال وارڈز کو کھولنے کے احکامات دیئے ہیں، عوام کی امانت ہم عوام کو واپس پہنچا رہے ہیں، گزشتہ سترہ ماہ سے اس شہر میں رہتے ہوئے سازشوں کا سامنا بھی کررہے ہیں اور عوام کے مسئلے بھی حل کر رہے ہیں، یہ شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا تھا مگر آج حق پرست نہیں پیپلز پارٹی کا میئر ہے اور بہتری کی طرف ہم جا رہے ہیں، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا یہ وعدہ تھا پیپلزپارٹی کے منصوبے عوام کے لیے مفید ثابت ہوں گے، اختیارات اور وسائل نہیں نیت کا مسئلہ تھا، پیپلز پارٹی کام کر رہی ہے اور کرتی رہے گی،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کام جاری و ساری رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا افتتاح کرنے کے بعد سی ایم ڈبلیو کے ایم سی اسکول کی منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرکرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے دیگر منتخب نمائندے، ڈاکٹرز اور دیگر بھی موجود تھے، عباسی شہید اسپتال میں ٹراما سینٹر، سٹی اسکین، لیبارٹری اور گائنی وارڈ کی تزئین و آرائش کردی گئی ہے، طویل عرصے سے بند اسکول آف نرسنگ کو بھی فعال کیا گیا ہے،انشاء اللہ اگلے ہفتے لانڈھی میڈیکل سینٹر کمپلیکس کے مردہ خانہ کا افتتاح کریں گیمیئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم ڈی سی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے میں پیپلزپارٹی نے کردار ادا کیا، ہم نے سندھ اسمبلی سے قانون کی منظوری کروا کر کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا درجہ دلوایا، شہر کے ساتوں اضلاع میں ہم یونیورسٹیاں بنائیں گے۔