کراچی/اسلام آباد(پی پی آئی) پاکستان ا سٹاک مارکیٹ میں تاریخ رقم ہو گئی حکومتی درست اقدامات کے پیش نظر معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا۔ 100 انڈیکس ایک لاکھ 479 پوائنٹ پر ٹریڈ کر رہا ہے۔معاشی ماہرین نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے اور پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں اور اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاؤنگا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کی قربانی دی اور اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مزموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے، اور ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔