اسلام آباد (پی پی آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں چین کے سفیرژی جونگ جیانگاور سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سندھ میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران سندھ میں صنعتی زونز میں چینی فیکٹریوں کے قیام، کراچی سرکلر ریلوے منصوبے، اور پاکستان اسٹیل مل کی بحالی میں چینی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ علاوہ ازیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سولر انڈسٹری، اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری جیسے اہم شعبوں میں چینی ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے اور کارگو شپنگ کے فروغ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔گورنر سندھ نے صوبے کی صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سندھ کی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے چینی حکومت اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر اظہارِ تشکر کیا۔چین کے سفیرJiang Zaidongنے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ فوقیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چینی سرمایہ کار سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور چین ان منصوبوں میں اپنی معاونت جاری رکھے گا تاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مستحکم ہوں۔