کوئٹہ (پی پی آئی) رکن بلوچستان اسمبلی اور چیف آف سراوان، ایم پی اے نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے پیر کو کہا کہ ملک کی تمام وفاقی اکائیوں کے حقوق کو 1940 کی قرارداد لاہور اور ان کے درمیان طے پانے والے تحریری معاہدے کی روشنی میں تسلیم کیا جائے۔ خان آف قلات میر احمد یار خان اور قائد اعظم محمد علی جناح کو ملک کے آئین کا حصہ بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراوان پریس کلب مستونگ کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملکی حالات کو بہتر بنانا ہے تو وفاق کی تمام اکائیوں کے حقوق کو تسلیم کرنا ہو گا، پاکستان کثیر قومی اکائیوں کا مجموعہ ہے جس کی ثقافت اور قومی شناخت الگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جب تک اسٹیبلشمنٹ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے پیش رفت نہیں کرتی اور تمام وفاقی اکائیوں کے آئینی حقوق کو تسلیم نہیں کرتی، ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی۔. انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل بلوچستان ایک آزاد ریاست تھی، خان آف قلات میر احمد یار خان اور قائداعظم محمد علی جناح کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کے بعد ریاست قلات کو پاکستان میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم تحریری معاہدے پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔