کراچی 09جنوری (پی پی آئی) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی بزنس فورم کے صدرشیخ وسیم الدین نے کہا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 300فیصدکر کے غریب عوام کوعلاج سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے عوام پہلے ہی علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہیں ایسے میں ادویات کی قلت اور بڑھتی ہوئی قیمتیں انہیں جیتے جی مار دینے کے مترادف ہیں۔ حکومت صحت عامہ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اب مریضوں کا بھی خون نچوڑ رہی ہے۔ مہنگائی میں کمی کی دعویدار حکومت کو اشیائے خوردونوش ن اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کرتے شرم آنی چاہئے۔ جان بچانے والی امپورٹڈ ادویات مارکیٹ میں ناپید ہیں، جعلی ادویات کی بھرمار ہے۔ ڈرگ مافیا من مانی قیمتوں کے لئے انسانی جانوں سے کھیل رہا ہے۔ حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی مافیاز کے ہاتھوں بے بس نظر آرہی ہے۔ حکومتی ناقص معاشی پالیسیوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ٹھنڈکی وجہ سے نزلہ، زکام، کھانسی اور فلو کے مریضوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ ایسے میں شہری بچوں کودو وقت کی روٹی کھلائیں یا علاج کروائیں۔ادویات کا مارکیٹس سے غائب ہوجا نایا قیمتوں میں اضافہ ما فیاؤں کا کام ہے جو حکومتی سرپرستی میں پھل پھول رہی ہیں۔ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت کے پاس کوئی میکنزم نہیں ہے۔ دواؤں کے تاجر اپنی من مانیاں ایسے کر رہے ہیں کہ لگتا ہے کہ حکومت نے انہیں فری ہینڈ دیا ہوا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے