عالمی سائنس و ریاضی وڈیو مقابلے میں شرکت کے لیے 13 سے 18 سال کے طلبہ طلب

بریک تھرو پرائز “جونیئر چیلنج” 10 اکتوبر 2016ء تک اصل سائنس وڈیو درخواستوں کے لیے جاری

زندگی کو سائنسی و ریاضیاتی خیالات دینے والی اصل طالب علم وڈیو کو 400,000 ڈالرز کے تعلیمی انعامات دیےجائیں گے

سان فرانسسکو، یکم ستمبر 2016ء/پی آرنیوزوائر/– بریک تھرو پرائز فاؤنڈیشن نے آج اپنے دوسرے سالانہ بریک تھرو جونیئر چیلنج کے اجرا کا اعلان کیا، جو طلبہ کا ایک عالمی سائنس و ریاضی مقابلہ ہے جو ان میں حیاتی سائنس، طبیعیات یا ریاضی کے بنیادی اصولوں کے بارے میں تخلیقی سوچ بیدار کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

بریک تھرو پرائز کی شریک بانی ڈاکٹر پرسکیلا چین نے کہا کہ “بریک تھرو جونیئر چیلنج سائنس دانوں اور رہنماؤں اگلی نسل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ ہمیں نئے اور تازہ طریقوں سے سائنسی اصولوں کو دیکھنے میں مدد ملے۔ ہمیں امید ہے کہ دنیا بھر کے طلبہ بریک تھرو جونیئر چیلنج کا حصہ بنیں گے اور میری نظریں ان کا شاندار کام دیکھنے پر مرکوز ہیں۔ جیسا کہ ہم نے پچھلے سال سیکھا کہ ان طلبہ کا انوکھا زاویہ نظر اور جدت طراز سوچ ہمیں اپنی زندگی کے پیچیدہ سائنسی کی اہمیت کے بارے میں سکھا سکتا ہے۔”

بریک تھرو جونیئر چیلنج کے اجرا کے موقع پر ڈاکٹر چین کی وڈیو یہاں دیکھی جا سکتی ہے: بریک تھرو جونیئر چیلنج لانچ وڈیو

دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 13 سے 18 سال کے طلبہ کو اصل وڈیوز (پانچ منٹ تک طویل) تخلیق کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے جو حیاتی سائنس، طبیعیات یا ریاضی کے تصور یا اصولوں کی خاکہ کشی کرتی ہو۔ اس میں طالب علم کی پیچیدہ سائنسی خیالات کو دلفریب، واضح اور فکر انگیز طریقوں سے پیش کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ وڈیو جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اکتوبر 2016ء ہے۔ شرکت کے لیے طلبہ کو لازمی www.breakthroughjuniorchallenge.org پر رجسٹر ہونا ہوگا۔

ایک فاتح کو اعزاز کے ساتھ 250,000 ڈالرز کی اسکالر شپ سے نوازا جائے گا۔ طالب علم کو متاثر کرنے والے سائنس کے استاد 50,000 جیتیں گے۔ جیتنے والے اسکول کو 100,000 ڈالرز مالیت کی جدید سائنس لیب بھی ملے گی۔

اس سال پہلی بار بریک تھرو جونیئر چیلنج “پاپولر ووٹ” مقابلہ بھی شامل کرے گا۔ سیمی فائنل تک پہنچنے والی تمام وڈیوز بریک تھرو پرائز کے باضابطہ فیس بک صفحے پر عوام کے دیکھنے کے لیے شائع کی جائیں گی اور جو وڈیو سب سے زیادہ “لائیکس” حاصل کرے گی اسے “پاپولر ووٹ” میں سرفہرست شمار کیا جائے گا۔ “پاپولر ووٹ” میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کو فائنل مرحلے میں خود بخود جگہ ملے گی اور وہ مجموعی چیلنج فاتح کے لیے امیدوار ہوگا۔

گزشتہ سال جیتنے والی وڈیو نارتھ رائلٹن ہائی اسکول، اوہائیو کے 18 سالہ راین چیسٹر کی طرف سے تھی۔ راین کی وڈیو کا عنوان “خصوصی نظریہ اضافیت کو سمجھنے کے چند دلچسپ طریقے اور وقت کے بارے میں اس کی اہمیت” تھا جو البرٹ آئن اسٹائن کے نظریہ خصوصی اضافیت کو بیان کرتی ہے اور اپنی فہم، وضاحت اور تخلیق کی وجہ سے ججوں نے اسے تسلیم کیا۔ وڈیو نے عالمی توجہ حاصل کی اور آن لائن تقریباً چار ملین مرتبہ دیکھی گئی۔ ستمبر میں راین ہارورڈ یونیورسٹی میں داخل ہوں گے۔

چیسٹر نے کہا کہ “بریک تھرو جونیئر چیلنج جیتنے نے میری زندگی بدل دی، خاص طور پر کالج کے لیے میری پسند کے اختیارات کھول دیے۔ اصل میں میں اوہائیو کے اسٹیٹ اسکول میں جا رہا تھا۔ یہ میرے لیے سب سے موزوں آپشن تھا۔ چیلنج جیتنے کے بعد اب کوئی بھی کالج میری استطاعت میں آگیا ہے۔ اب میں ہارورڈ جا رہا ہے، جس پر میں نے پہلے کبھی غور تک نہیں کیا تھا۔ میرا موجودہ شرکا کو مشورہ ہوگا کہ اپنی تحقیق ضرور کریں۔ یقینی بنائیں کہ آپ موضوع کو اپنی ضرورت سے زیادہ اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اور اس میں کچھ مزاحیہ پہلو بھی شامل کریں۔”

2015ء میں مقابلے نے کل 86 ممالک سے 2,000 سے زیادہ مستند درخواستیں وصول کی جن میں امریکا، بھارت، میکسیکو، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، چین، جاپان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، برازیل، تھائی لینڈ، ترکی، ویت نام، ناروے، فرانس، اسرائیل اور پیرو شامل ہیں۔

بریک تھرو جونیئر چیلنج کی جج، لکھاری اور معلم لوسی ہاکنگ نے کہا کہ “بریک تھرو جونیئر چیلنج دنیا میں کسی بھی دوسرے طلبہ مقابلے سے مختلف ہے اور اپنے پہلے سال ہی میں زبردست مثبت ردعمل نے اسے ثابت کیا۔ 2,000 سے زیادہ طلبہ نے انتہائی انوکھی اور فکر انگیز وڈیوز جمع کروائیں، اور میں مزید انتظار نہیں کر سکتی کہ اگلی کلاس کیا سامنے لے کر آتی ہے۔ مجھے گزشتہ سال کے فاتح، راین چیسٹر، کی پیشرفت پر بہت خوشی ہے، اور اس میں بہت دلچسپی بھی کہ اس سال مقابلے میں آنے والے کیا پیش کرتے ہیں۔ مجھے ججوں کے پینل کا ایک مرتبہ پھر حصہ بننے پر فخر ہے۔”

اس سال کا بریک تھرو جونیئر چیلنج فاتح سلیکون ویلی میں بریک تھرو پرائز اعزازی تقریب میں تسلیم کیا جائے گا۔ جیتنے والے طالب علم اور اس کے استاد کے نام کا اعلان کیا جائے گا اور ان کی فلم قومی سطح پر ٹیلی وژن پر دکھائے جانے والے شو میں پیش کی جائے گی، جس کا اعلان بعد کی تاریخوں میں ہوگا۔

ڈاکٹر مے جیمیسن، سائنس خواندگی ماہر، سابق خلا باز اور نظام شمسی سے باہر کسی دوسرے ستارے تک کے سفر میں انسان کی صلاحیتون کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے آزاد عالمی منصوبے 100 ایئر اسٹارشپ کی پرنسپل، نے کہا کہ “جب طلبہ کو ایسی تخلیقی وڈیوز بنانے کا چیلنج دیا جاتا ہے جو اہم سائنسی و ریاضیاتی تصورات کو شفاف، متعلقہ اور عام افراد کے لیے دلچسپ بنائیں، تو سائنس مجموعی طور پر سب کے لیے قابل رسائی بن جاتی ہے۔ اور یہ اس عام تصور سے اسرار کے پردے اٹھانے میں مدد دے گا کہ کون “سائنس” کر سکتا ہے اور اسے کرنا چاہیے۔ مجھے بریک تھرو جونیئر چیلنج کا جج بننے پر بہت خوشی ہے کیونکہ سائنس تک رسائی، شمولیت اور اس پر سے پردے اٹھانا سائنس تعلیم اور خواندگی کو بہتر بنانے سے میری طویل المیعاد وابستگی کی بنیاد ہے۔”

شارٹ لسٹ ہونے والی وڈیوز درخواستوں پر بریک تھرو فاتحین اور ساتھی ادارے دی خان اکیڈمی سے سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے دیگر رہنما نظرثانی کریں گے۔ اپنی وڈیوز بنانے اور پیش کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کے پاس ساتھی طالب علموں کی درخواستوں کی پیئر-ٹو-پیئر اسکورنگ میں شرکت کا موقع بھی ہوگا۔

خان اکیڈمی کے بانی سال خان نے کہا کہ “ہمیں اس سال ایک مرتبہ پھر بریک تھرو جونیئر چیلنج میں بریک تھرو پرائز کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے۔ ایک پیچیدہ تصور کی واضح اور دلچسپ وڈیو تفہیم مہارت کا مظاہرہ کرنے اور دوسروں کو بھی موضوع سمجھانے اور اسے پسند کرنے میں مدد دینے کا زبردست طریقہ ہے۔”

بریک تھرو جونیئر چیلنج کے لیے مالی مدد مارک زکربرگ اور پرسکیلا چین، اور یوری و جولیا ملنر، نے بریک تھرو پرائز فاؤنڈیشن کے ذریعے دی ہے جو سلیکون ویلی کمیونٹی فاؤنڈیشن میں مارک زکربرگ کے فنڈ سے گرانٹ اور ملنر گلوبل فاؤنڈیشن کی گرانٹ پر منحصر ہے۔

بریک تھرو جونیئر چیلنج نوعمر افراد کی سائنس اور سائنسی اصولوں کی معلومات کو بڑھانے اور اس کا مظاہرہ کرنے، ان شعبوں میں دلچسپی بڑھانے؛ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی میں کیریئر بنانے کو مدد دینے، اور بنیادی سائنس کے کلیدی نظریات میں بڑے پیمانے پر عوام کے تصورات اور دلچسپی کو بڑھانے کا ایک عالمی منصوبہ ہے۔

دی بریک تھرو پرائز

2012ء میں سرگئی برن اور این ووچیکی، یووری اور جولیا ملنر، اور مارک زکربرگ اور پرسکیلا چین کی جانب سے قائم کیا گیا بریک تھرو پرائز ایک سالانہ اعزاز ہے جو حیاتی سائنس، طبیعیات اور ریاضی میں غیر معمولی کامیابی کو اعزاز دے رہا ہے۔ انعام کا مقصد سائنس دانوں کا احترام اور کیریئر کی حیثیت سے سائنس کو اختیار کرنے میں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ ہر انعام کے فاتحین کا انتخاب مخصوص سلیکشن کمیٹی سے کیا جاتا ہے جو انعام کے سابق فاتحین پر مشتمل ہوتی ہے۔ نومبر 2014ء میں اس کے دو بانیوں یوری ملنر اور مارک زکربرگ نے نئے ریاضی دانوں کے لیے ریاضی میں نیو ہورائزنز پرائز کا اعلان کیا جو طبیعات میں موجودہ نیو ہورائزنز انعام کے ساتھ چلے۔

بریک تھرو پرائزز کے بارے میں مزید معلومات کے لیے: www.breakthroughprize.org۔

شراکت دار

دی خان اکیڈمی ایک 501 (سی) 3 غیر برائے منافع ادارہ ہے جو سب کو اور سب جگہ مفت، عالمی معیار کی تعلیم دینے کے مشن پر ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ تمام عمر کے طلبہ کو بہترین تعلیمی مواد تک مفت اور لامحدود رسائی ہونی چاہیے اور انہیں اپنی رفتار کے مطابق اس مواد کو استعمال کرنا اور اس میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ مزید برآں، ہمارا ماننا ہے کہ انٹیلی جینٹ سافٹویئر ڈیولپمنٹ، عمیق ڈیٹا شماریات اور جدید صارفی انٹرفیسز کے ذریعے طلبہ کے لیے ان تعلیمی ذرائع کو دنیا بھر میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے موثر انداز میں پیش کرنے کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ ہمارے مواد کی لائبریری موضوعات کی وسیع اقسام کا احاطہ کرتی ہے، جن میں کنڈرگارٹن سے ابتدائی کالج کی ریاضی، حیاتیات، کیمیا، طبیعیات، اقتصادیات، مالیات اور تاریخ شامل ہیں۔ ہمارے پاس 37 ملین سے زیادہ رجسٹرڈ طالب علم ہیں اور ہم 700 ملین اسباق اور 4.85 ارب مشق کے مسائل فراہم کر چکے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے دیکھیں www.khanacademy.org۔

فاتح طلبہ کے اسکولوں کے لیے بریک تھرو پرائز لیب کولڈ اسپرنگ ہاربر لیبارٹری (سی ایس ایچ ایل) کی جانب اور شراکت داری سے ڈیزائن کی جاتی ہیں۔ 1890ء میں بننے والا سی ایس ایچ ایل ہم عصر بایومیڈیکل تحقیق و تعلیم کو وضع کرچکا ہے۔اس کا نیو یارک کیمپس 1100 کلیہ، طلبہ اور ملازمین رکھتا ہے اور ہر سال عالمی معروف کانفرنسوں اور کورسز میں 12,000 سے زیادہ مہمان سائنس دانوں کی میزبانی کرتا ہے۔ سی ایس ایچ ایل کا ڈی این اے لرننگ سینٹر مالیکیولر جینیٹکس اور اساتذہ کی تربیت میں طلبہ کی تجربہ گاہ کے لیے ہدایات دینے والا سب سے بڑا عالمی ادارہ ہے۔ ڈی این اے لرننگ سینٹر کے تیار کردہ مواد اور طریقے 20 سے زیادہ اعزاز یافتہ تعلیمی ویب سائٹوں کے ذریعے مفت قابل رسائی ہیں۔ لیبارٹری کے تعلیمی شعبے میں تعلیمی اشاعت گھر، ایک سائنسی پالیسی تھنک ٹینک اور بایولوجیکل سائنس میں ایک گریجویٹ پروگرام بھی شامل ہے۔ ملاحظہ کیجیے www.cshl.edu۔

بریک تھرو جونیئر چیلنج نیشنل جیوگرافک کے ساتھ بھی شراکت رکھتا ہے تاکہ دنیا بھر سے سائنس اور ریاضی کے شوقین، اساتذہ اور طلبہ تک رسائی حاصل کرنے میں مدد لے۔ نیشنل جیوگرافک چینلز یو ایس نیشنل جیوگرافک اور فوکس کیبل نیٹ ورکس کے درمیان مشترکہ منصوبہ ہیں۔ چینلز اسمارٹ، جدید پروگرامنگ اور اور اپنے ہدف کو براہ راست مدد دینے والے منافع کے ساتھ جستجو، تحفظ اور تعلیم سے نیشنل جیوگرافک سوسائٹی کی وابستگی میں اپنا حصہ ڈآلتے ہیں۔

رابطہ
مزید معلومات، بشمول مقابلے کے قواعد، وڈیو جمع کرانے کی رہنما ہدایات اور سوالات کے لیے دیکھیں: www.breakthroughjuniorchallenge.org۔

Latest from Blog