تیکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کے لئے اسمال انڈسٹریوں کا محکمہ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائے : شرجیل میمن

کراچی: صوبائی وزیر صنعت و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چھوٹی صنعتوں کو فعال بنانے کے لئے محکمہ انڈسٹریز سندھ حکومت کے تعاون سے ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ کام میں لاتے ہوئے گھریلوپیمانہ پر چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے حکمت عملی مرتب کررہا ہے ۔ اسمال انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پلاسٹک مولڈنگ ‘ہوزری ‘الیکڑانک کارڈز کی گھریلو پیمانہ پر تیاری مائکرواکنامکس کے جدلیاتی اصولوں کے تحت معاشی پیمانوں میں تبدیلی آسکتی ہے ۔ بشرطیکہ گھر یلو صنعتوں کا قیام اور منصوبہ بندی سائنسی بنیادوں پر کی جائے ۔ انھوں نے افسران کو ہدایات دیں کہ ووکیشنل تعلیمی اداروںسے فارغ التحصیل طلباءو طالبات کے لئے اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں اور ان چھوٹی صنعتوں کے قیام کے بارے میں مفصل آگاہی دی جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت جلد کم لاگت سے قائم ہونے والی چھوٹی صنعتوں کے بارے میں تیکنیکی معاونت عوام کو دی جائے گی جس میں سرفہرست نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور اسمال انڈسٹریز کے افسران ٹیم کی شکل میں ریسرچ ورک کو مکمل کرکے عوام کے سامنے پیش کریں گے ۔مزید براں صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایات دیں کہ پابندی وقت اور فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں اور عوام کی خدمت کو فرض سمجھتے ہوئے اپنی خدمات اور صلاحتییوں سے عوام کو مستفید کریں ۔ اجلاس میں محکمہ اسمال انڈسٹریز کے تمام افسران نے شرکت کی ۔

Latest from Blog