عسکری بینک لمیٹڈ اور یونین پے انٹرنیشنل کے درمیان این ایف سی اور ای ایم وی ڈیبٹ کارڈ کے اجراء کے معاہدے پر دستخط

شنگھائی، 13 جون 2017ء / پی آر نیوزوائر/– پاکستان کے اہم بینکاری ادارے عسکری بینک لمیٹڈ (اے کے بی ایل) اور دنیا کی سب سے بڑی ادائیگی اسکیموں میں سے ایک یونین پے انٹرنیشنل کے درمیان پاکستان میں یونین پے کوئیک پاس (این ایف سی) اور ای ایم وی چپ کارڈز جاری کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ اقدام اے کے بی ایل صارفین کے لیے ادائیگیوں کو محفوظ و مامون رکھتے ہوئے “ٹیپ اینڈ گو” کونٹیکٹ لیس ادائیگیوں کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی قابلیت فراہم کرے گا۔ علاوہ ازیں، یہ معاہدہ اے کے بی ایل صارفین کو 41 ملین تاجرین اور دنیا بھر میں 2 ملین سے زائد اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے کے ساتھ 10 ملین آن لائن مرچنٹ سائٹس پر ادائیگی کے قابل بنائے گا۔

عسکری بینک لمیٹڈ پاکستان کے گروپ ہیڈ آپریشنز جناب فرخ اقبال خان اور یونین پے انٹرنیشنل مشرق وسطیٰ کے جنرل مینیجر جناب ہانگ وانگ نے شنگھائی، چین میں شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پر یونین پے انٹرنیشنل کے چیف بزنس ڈیویلپمنٹ آفیسر جناب لیری وانگ اور اے کے بی ایل کے کنٹری ہیڈ برانچ لیس بینکنگ و اے ڈی سی سیز جناب عاصم بشیر بھی موجود تھے۔

عسکری بینک لمیٹڈ کے گروپ ہیڈ آپریشنز جناب فرخ اقبال خان نے  کہا کہ “عسکری بینک مالیاتی خدمات کے شعبے میں تشکیل نو اور تعریف نو میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور کوئیک پاس (این ایف سی) اور ای ایم وی چپ کارڈ کے اجراء کے لیے یونین پے انٹرنیشنل کے ساتھ معاہدے پر دستخط اسی سمت میں ایک اور قدم ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عسکری بینک، مالیاتی شمولیت کے لیے اے کے بی ایل کے اسٹریٹجک منصوبے کی تعریف نو کرتے ہوئے چین میں مالیاتی شمولیت کے لیے یونین پے کے بہترین کامیاب طریقوں سے فائدہ اٹھائے گا۔

عسکری بینک لمیٹڈ کے کنٹری ہیڈ برانچ لیس بینکنگ و اے ڈی سیز جناب عاصم بشیر نے کہا کہ “ہم پاکستان میں یونین پے کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ عسکری بینک نئی اور جدید مصنوعات کی پیشکش کے ذریعے صارفین کے تجربے اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ ‘ٹیپ اینڈ گو’ کونٹیکٹ لیس ادائیگیوں کی سہولت اے کے بی ایل صارفین کے لیے ادائیگیوں کو محفوظ و مامون رکھتے ہوئے انہیں مزید آسانیاں فراہم کرے گی۔”

یونین پے انٹرنیشنل کے چیف بزنس ڈیویلپمنٹ آفیسر جناب لیری وانگ نے کہا کہ “ہم اے کے بی ایل کے ساتھ پاکستانیوں کے لیے ادائیگی کا نیا طریقہ فراہم کرنے پر بہت مسرور ہیں۔ ان سالوں میں یونین پے نے پاکستان میں قابل ذکر کامیابی حاصل کی ہے۔ فی الوقت پاکستان میں 70 فیصد اے ٹی ایمز اور 95 فیصد پی او ایس ٹرمنلز یونین پے کارڈز قبول کر رہے ہیں اور ملک میں 3.4 ملین یونین پے کارڈز جاری کیے جاچکے ہیں۔ یونین پے کی جدید سہولیات جیسا کہ کوئیک پاس اور ای ایم وی چپ کارڈز کی پیشکش یہاں مقامی شہریوں کے لیے ہماری خدمات کی قابلیت کو مزید بہتر بنائے گی۔”

Latest from Blog