سندھ حکومت کی لا پر وائی سے حیدر آباد گندگی اور مسائل کا گڑھ بن گیا ہے : حق پرست اراکین اسمبلی

حیدرآباد: حکومتِ سندھ کی لاپروائی اور تعصب نے حیدرآباد شہر کو گندگی او رمسائل کا گڑھ بنادیاہے اور صحت و صفائی کی ناقص صورتحال کی وجہ سے شہر بھر میں ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان میں شہر بھر میں ڈینگی اور ملیریا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ستمبر سے نومبر تک مچھروں کی افزائش کا موسم ہے لیکن انتظامیہ کی نااہلی کی بدولت شہر میں مچھرمار اسپرے نہیں کیے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ حکومت سندھ کی غفلت اور تعصب کی بنا پر حیدرآباد شہرکے فنڈ جاری نہ ہونا عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کرنے کے مترادف ہے ، شہر میں اسپرے کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن انتظامیہ اپنے اس فرض میں مسلسل غفلت برت رہی ہے ۔انھوں نے کہاکہ حیدرآباد سٹی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے مگر حیدرآباد شہر میں صحت و صفا ئی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے شہر بھر کی گلیوں میں کچرے اور گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور جگہ جگہ گندا پانی جمع نظر آتا ہے،انھوں نے کہاکہ حکومت سندھ تعصب سے بالاتر ہوکرسندھ کے شہری علاقوں کی عوام کے مسائل کے خاتمہ کے لیے عملی اقدامات کرے ۔

Latest from Blog