مظفر آ باد/سری نگر(پی پی آ ئی) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصرے اور تلاشی کارروائیوں کی آڑ میں بیگناہ نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں۔
کشمیر میٖڈیا کے مطابق محمود احمد ساغر نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اوراتوار کے روز بھی ضلع پونچھ میں دونوجوانوں کو شہید کیا گیا جبکہ ضلع راجوری سے 18کشمیریوں کو گرفتار کیاگیا۔انہوں نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیرکو حل کرے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اورہزاروں کشمیری نوجوانوں کو مختلف جیلوں اور حراستی مراکز میں نظر بند کر دیا ہے۔ حریت رہنما نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی منظورشدہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔