اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرکے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے:کل جماعتی حریت کانفرنس

مظفرآ باد/سری نگر(پی پی آ ئی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مزید تاخیر کئے بغیرجموں و کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ تنازعہ کشمیر کو پائیدار بنیادوں پر حل کیاجاسکے۔کشمیر میڈیا کے مطا بق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیاہے کہ ریاست جموں و کشمیرکے سیاسی مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا لیکن سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود اس قرار پر عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جس سے بھارت کو کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو فوجی طاقت سے کچلنے کا حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 10لاکھ سے زائد فوجیوں کو تعینات کر کے کشمیر کو ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اوراپنے فوجیوں کو کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ حریت رہنمانے کہاکہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں انسانیت کو اپنے بوٹوں تلے روند رہے ہیں اور 1989سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت، ڈیڑھ لاکھ سے زائد عمارتوں کی تباہی اور 13ہزار سے زائد کشمیری خواتین کی بے حرمتی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت کس بہیمانہ طریقے سے کشمیریوں کو ختم کرنے اور ان کی سرزمین پر قبضہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت اور ہر فورم پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی بات کی ہے۔ شیخ متین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم ہوسکے۔

Next Post

تحریک انصاف کا منگل کو مینار پاکستان پر جلسے کا فیصلہ

Sun Mar 19 , 2023
ضلعی انتظامیہ کو جلسے کی سیکورٹی کلیئرنس کیلئے درخواست دے دی لاہور(پی پی آ ئی) تحریک انصاف نے منگل کو مینار پاکستان پر جلسے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی۔تحریک انصاف نے منگل کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو جلسہ سیکیورٹی […]