بانیانِ پاکستان کی جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: صدر مملکت

اسلام آ باد(پی پی آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا کہ یوم پاکستان پر پوری قوم بانیانِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم ثبوت ہے کہ مسلم قیادت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، یوم پاکستان بحیثیت قوم ہمیں کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے، آزادی کے وقت ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے ریاستی ادارے قائم کیے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان نے جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا، پاکستانی قوم نے قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ہمیں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا، معاشرے میں عدم مساوات کم کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، خصوصی افراد کے حقوق کی فراہمی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مزید کام کرنا ہے۔صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا، ماضی کی کامیابیوں کے پیشِ نظر یقین ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ ہم پاکستان کو مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔