حج واجبات کی وصولی کے لیے بینک ہفتہ اور اتوار کو بھی کھولنے کی ہدایت

کراچی (پی پی آئی)حج واجبات کی وصولی کے لیے مجاز بینکوں کی برانچز ہفتے اور اتوار کو کھلی رہیں گی، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ پی پی آئی کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 14مجاز بینکوں کی برانچز ہفتے اور اتوار کو کھلی رہیں گی، بینک برانچز صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق خواہش مند افراد31 مارچ تک متعلقہ بینکوں میں درخواست فارم جمع کرواسکتے ہیں، اور تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 25 اور 26 مارچ کو حج درخواستوں کے لئے برانچز کھلی رکھیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یہ سرکلر وزارت مذہبی امور کی درخواست پر جاری کیا ہے، جس کا مقصد حج پر جانے کے خواہشمند افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔