یہ بالکل غلط ہے کہ مجھے استعفیٰ دینے کے لیے کہا گیا: بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی

اسلام آباد (پی پی آئی)مستعفیٰ اٹارنی جنرل پاکستان بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی نے ان میڈیا رپورٹ کو غلط قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی نے بتایا کہ انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم ان خبروں کو مسترد کر دیا کہ انہیں مستعفی ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی نے اپنے استعفے کی کاپی شیئر کرتے ہوئے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ انہوں نے 24 مارچ بروز جمعہ اپنے استعفے پر دستخط کیے جسے اسی روز صدر کو ارسال کردیا گیا تھا۔، اصل میں جب میں نے سینئر حکومتی ارکان کو استعفیٰ دینے کے اپنے ارادے سے آگاہ کیا تو مجھے کہا گیا کہ میں استعفیٰ صدر کو ارسال کرنے کا فیصلہ موخر کردوں اور ان کی درخواست پر میں نے اپنا استعفیٰ ایک سینئر وزیر کے حوالے کر دیا، حکومت اپنی سہولت کے مطابق اسے صدر کو ارسال سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کل کچھ سلیکٹڈ حقائق میڈیا میں لیک کیے گئے اور متعدد رپورٹرز اور میڈیا چینلز کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے باوجود میں نے ان سے بات نہیں کی، اس کے بعد حقائق کو توڑ مرڑ کر پیش کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے اب میں یہ وضاحت دینے پر مجبور ہوا۔