لاہور(پی پی آ ئی)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اقتدارکیلئے عمران خان پاکستانیوں کوغلامی کی زنجیریں پہناناچاہتاہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر ورہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شخصی اقتدار کیلئے باؤلا عمران پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتا ہے، پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کیلئے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پروپیگنڈا پھیلایا گیا۔خواجہ سعد رفیق نے مرحلہ وار ٹوئیٹس میں کہا کہ عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا، اسٹیبلشمنٹ کا سابقہ منظورِ نظر عمران نیازی اب اینٹی پاکستان طاقتوں کے مہرے کے طور پر استعمال ہورہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال کی جارہی ہے، اقتدار کیلئے فاشسٹ عمران شیاطین سے بھی اتحاد کرلیتا ہے، 2018میں آئین،جمہوریت اور عوامی امنگوں کو کچل کر عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہوتا۔خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کو تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری 4سالہ حکمرانی نے پاکستان کی معاشی بنیادیں ہلادیں، ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے، سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی، چیخنا،چلانا، قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا۔ان کاکہنا تھا کہ ظلم،جھوٹ،سازش اور لوٹ مار کا حساب دیے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائے گا۔