اسلام آ باد(پی پی آ ئی) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج سکندرخان نے 2 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی 24 مارچ کو عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کو قابلِ ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیا گیا۔مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے 24مارچ کا سیشن عدالت کا فیصلہ دستیاب تھا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے ساتھ ناقابلِ ضمانت وارنٹ کی کوئی کاپی منسلک نہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ پر قابلِ ضمانت وارنٹ کی تعمیل بھی نہیں کی گئی۔اس میں مزید درج ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو ناقابلِ ضمانت کی جگہ پہلے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرنا چاہیے تھے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اعتراضات پر مبنی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو قابلِ ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔