کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیری نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سری نگر(پی پی آ ئی) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے نظر بند کشمیریوں کی ابتر حالت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عید الفطر سے قبل ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاکے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ بھارتی حکام کے ناروا رویے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ نظربندوں کو صحت بخش غذا اور طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔انہوں نے کشمیری نظربندوں کے عزم استقامت اور جذبے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ وہ حق خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے گمنام ہیروز اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار دیگر افراد کے خاندانوں کا خیال رکھیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق کے حوالے سے سالانہ رپورٹس کو سراہا اور انہیں بھارت کے خلاف چارج شیٹ قرار دیا۔غلام احمد گلزار نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت اپنا شیطانی ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بھارتی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور انہیں شکست دینے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائی۔