لاہور(پی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ محمدنواز شریف نے ملک سے بدامنی ختم کی اور 2013میں آکر ملک میں بجلی پیدا کی،مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں کا ملبہ صرف مسلم لیگ (ن) پر ہی نہیں ڈالا جاسکتا’ اس وقت ملک بھر میں جو بجلی کے بلوں کا رونا رویا جا رہا ہے ‘مہنگائی کا سیلاب عوام کو کھا رہا ہے جب تک ان سب عوامل کے پیچھے سازش کو بے نقاب نہیں کیا جائے گا معاملات ٹھیک نہیں ہونگے۔وہ بدھ کے روز لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ16 ماہ کی حکومت نے ملکی مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کی، پونے چار سال جنہوں نے حکومت کی ان کا قصور بھی توقوم کے سامنے لائیں،جنہوں نے پاکستان میں سول نافرمانی کی سازش کی ان تک پہنچنا ہوگا۔جاوید لطیف نے کہا کہ پونے چار سال حکومت کرنے والوں نے اداروں سے جو معاہدے کئے عوام کو اس کے بارے میں بھی علم ہونا چاہئے،کن سے آئی پی پیز کے معاہدے کئے گئے اور ڈالروں میں جو ادائیگی کی گئی اس کو بھی سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا جب خاتمہ ہوا تو گردشی قرضوں کا حجم 25سو ارب روپے تھا جسے قوم کسی طور پر معاف کرنے کو تیار نہیں،2007سے 2013 تک بجلی دیکھنے کو نہیں ملتی تھی،ملک میں دہشتگردی تھی اور دس سے بیس لوگ اکٹھے نہیں ہوسکتے تھے جبکہ نواز شریف نے 2013 میں آکر سستی اور وافر بجلی پیدا کی،دہشتگردی ختم کی جس کی پوری قوم گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سازشیوں کو توڑے بغیر مسائل ٹھیک نہیں ہونگے۔جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آئیں گے اور الیکشن مہم چلائیں گے، کسی کے جیل میں جانے یا آنے سے (ن) لیگ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
Next Post
آئی ایم ایف معاہدوں میں مزید سبسڈیز دینے کی گنجائش نہیں: نگران وزیر خزانہ
Wed Aug 30 , 2023
ؒؒاسلام آباد(پی پی آئی) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہاہے کہ آئی ایم ایف معاہدوں میں مزید سبسڈیز دینے کی گنجائش نہیں۔کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ نگران حکومت کو ملک کے غریب عوام کا بھرپور احساس ہے، نگران حکومت غریب طبقے کو مزید مشکلات […]