جان بچانے والی ادویہ سے لیکر یومیہ استعمال کی دواؤں کے نرخوں میں اضافہ

کراچی (پی پی آئی) دواساز کمپنیوں اور میڈیکل اسٹور مالکان نے جان بچانے والی ادویہ سے لیکر یومیہ استعمال میں آنے والی دواؤں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے بعض ادویات کی قیمتیں تو 15 سے 60 فیصد تک زیادہ وصول کی جارہی ہیں۔ اشیائے خوردنوش کی طرح اب ادویہ کی خریداری بھی آسان نہیں رہی۔پی پی آئی کے مطابق میڈیسن مارکیٹ کے سروے کے دوران ہول سیل کا کاروبار کرنے والے تاجروں اور ریٹیلرز نے بتایا کہ چند ہفتوں کے دوران متعدد ادویات خصوصاً بلڈ پریشر، دمہ، ذیابیطس اور دیگر امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد سے 60 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ تاجروں نے کہا کہ مارکیٹ میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے۔پی پی آئی کے مطابق  بلڈ پریشر کے لیے استعمال ہونے والی ٹیبلٹ ایکسفورج کی قیمت میں 60 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جس کی قیمت 1000 روپے فی پیک سے بڑھ کر 1600 روپے فی پیک، سیریٹائڈ ڈسکس 840 روپے سے بڑھ کر 940 روپے فی پیک، ٹیب مکسٹارڈ 30 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ذیابیطس،دمہ، امراض چشم،ہڈیوں کے بھربھرے پن سمیت تمام ادویہ اب چند ماہ قبل کے نرخوں پر میسر نہیں ہیں۔۔