اسلام آباد(پی پی آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی نشانات کی فہرست تیار کرلی، انتخابی نشانات کی فہرست آئندہ ہفتے جاری ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے انتخابی نشانات کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، اس لسٹ میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے 327 انتخابی نشان شامل ہیں، فہرست میں عقاب، تیر، شیر، بلا، تلوار اور کرین کے نشان موجود ہیں، اس کے علاوہ کار، جیپ، بلب، بطخ، فاتحہ اور پھول کا انتخابی نشان بھی شامل ہے جب کہ صابن دانی، تھرماس، سرمہ دانی بھی انتخابی فہرست میں موجود ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں بھی تیار کرلی ہیں، ذرائع الیکشن کمیشن بتاتے ہیں کہ صوبہ پنجاب میں آئندہ عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کی کل 141 نشستیں ہوں گی اور صوبائی اسمبلی کی کل نشستیں 297 کردی گئی ہیں، صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی کل نشستیں 14 ہوں گی جن میں قومی اسمبلی کی نشستیں این اے 117 سے این اے 130 تک ہوں گی۔ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کی کل نشستیں 30 ہوں گی جو پی پی 144 سے لے کر پی پی 173 تک ہوں گی، الیکشن کمیشن کی طرف سے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیا ہے، پولنگ اسٹیشن پر پولیس نفری کی قلت کے باعث پاک فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں سکیورٹی سے متعلق وزرات داخلہ سے جامع رپورٹ طلب کی ہے، اس سلسلے میں لکھے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 27 نومبر تک چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ دی جائے، اس کے ساتھ دستیاب سکیورٹی اہلکاروں کی کل تعداد اور پلان بھی ارسال کریں کیوں کہ وفاق اور صوبے آئینی طور پر الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں اور تمام حلقوں میں امن وامان کی صورتحال بہتربنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔
Next Post
پیپلز پارٹی کا56واں یوم تاسیس30نومبر کو منایا جائے گا
Mon Nov 27 , 2023
کراچی (پی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کا 56 واں یوم تاسیس30نومبر کو منایا جائے گا۔پی پی آئی کے مطابق اس دن کے حوالے سے کراچیسمیت ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیاجائے گاجس سے پیپلز پارٹی کے مرکزی،صوبائی اور مقامی قائدین خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی تاریخ اور قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔