ٓحیدرآباد (پی پی آئی) انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے اے ڈی سی حیدرآباد مہوش بشیر کی زیر نگرانی شہباز بلڈنگ سے پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں برابری کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور پاکستان کے تحریری آئین میں انسانی حقوق کے قانون کی دستیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا معاشرہ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف ہیں اور دنیا میں جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے ہم ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر اے سی دیہی حیدرآباد احسن مورائی نے کہا کہ 10 دسمبر کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے کیونکہ اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کا بین الاقوامی اعلامیہ منظور کیا تاکہ بلا تفریق مذہب، رنگ اور نسل کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔اس موقع پرسول سوسائٹی، میڈیا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پینافلیکس اٹھا رکھے تھے۔