باشعور عوام پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے اقتدار میں لائیں گے، منظو وسان

کوٹڈیجی(پی پی آئی) فروری 8کو باشعور عوام پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر مرکز اور صوبوں میں اقتدار میں لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابقہ وزیر داخلہ سندھ منظور حسین وسان نے رند حاجانہ میں قربان حاجانہ کی رہائش گاہ پر  پی ایس27 پر کھڑے اپنے بیٹے بیرسٹر ہالار خان وسان کی انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کوٹڈیجی کی عوام جتنے ووٹ  میرے بیٹے بیرسٹر ہالار خان کو دے گی اتنے ہی ووٹ  قومی اسمبلی کے لیے  پیپلز پارٹی کی جانب سے این اے 202 خیرپور کوٹڈیجی پر نامزد امیدوار سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی کو بھی دے گی۔پی ایس 27 کوٹڈیجی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہالار خان وسان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے 8 فروری کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور سندھ اسمبلی میں سب سے پہلے اپنے تحصیل کوٹڈیجی کے عوام کے بنیادی مسائل پر بات کروں گا۔ اور سیمنٹ فیکٹری لگانے کا مطالبہ رکھوں گا۔ انہوں نے مولانا سید ساجد زیدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بیروزگاری کے خاتمے کے لیے کوٹڈیجی میں چھوٹے صنعتی یونٹس قائم کرنے کی بہترین تجویز دی ہے۔ انشاء اللہ، اپنے  والد منظور وسان کی مدد سے، وہ چھوٹے کارخانے قائم کریں گے اور مقامی غریب نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ اس سے قبل ملک کے معروف روحانی و سماجی رہنما مولانا سید ساجد حسین زیدی نے کہا کہ منظور حسین وسان نے گزشتہ 35 سال سے عوام کی خدمت کی ہے اور ان کے نوجوان بیٹے بیرسٹر ہالار خان وسان باصلاحیت نوجوان ہین وہ بھی عوام کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹڈیجی میں ان کے پیروکاروں کے تین ہزار کے قریب ووٹ ہیں جو بغیر کسی شرط کے ہالار خان وسان اور سیدہ نفیسہ شاہ کو ملیں گے۔  ساجد زیدی نے پی ایس 27 سے پی پی پی کے امیدوار بیرسٹر ہالار خان وسان کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوٹڈیجی میں سیمنٹ فیکٹری کا قیام بہت اچھی بات ہے لیکن یہ ایک مشکل بات ہے اس لیے آپ اب چھوٹے کارخانے لگائیں تاکہ یہاں کے غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کریں۔

Latest from Blog