چینی شہریوں کے سیکیورٹی پلان پر غفلت کی گنجائش نہیں،وزیرداخلہ

 اسلام آباد (پی پی آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کے سیکیورٹی پلان پر غفلت کی گنجائش نہیں، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لیے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں وہ   وزارت داخلہ  میں منعقدہ  اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں غیرملکیوں خصوصی چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزارت داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے سیکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من وعن عملدرآمد کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ چند دن قبل پاکستان میں چین کے سفیر ماشا جیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) تیار کیے گئے ہیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے اور اس واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وفاقی وزیر نے سفیر کو بتایا کہ انہوں نے لاہور اور کراچی میں چینی قونصل خانوں کا دورہ کیا اور قونصل جنرل سے ملاقات کی۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو سبوتا ژ کرنے کی کسی بھی سازش کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور کوئی دشمن انہیں نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

پی ٹی آئی  قیادت کے خلاف 2 مقدمات درج

Sat Jun 22 , 2024
 راولپنڈی  (پی پی آئی)بانی پی ٹی آئی کے حق میں ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے قائدین کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد میں دو الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے جبکہ پی ٹی آئی کے 4رہنماؤں کی 15 دن کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں پی ٹی آئی کے ایم پی […]