لاہور(پی پی آئی)ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ مشکل ٹیکس نظام کی وجہ سے ایک کروڑ بیس لاکھ این ٹی این ہولڈرز میں سے صرف پینتالیس لاکھ این ٹی این ہولڈرز نے اپنی ریٹرنز فائل کی ہیں جو کہ حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے،ایکسپورٹ کو نارمل ٹیکس رجیم میں لایا گیا ہے جس سے ہراسمنٹ کے مسائل پیدا ہوں گے،ٹیکس دہندگان کو فنانس ایکٹ کے تحت نافذ کردہ نئے اپیل نظام پر تحفظات ہیں۔پی پی آئی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے ٹیکس بار زکے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپیلوں کے لئے جو نظام متعارف کرایا ہے وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتاا انہوں نے کہاکہ ٹیکس نظام کو سہل بنایا جائے، ابھی تک لوگوں کو نئے فنانس بل کے خدو خال سے صحیح طرح آگاہی نہیں ہوسکی لیکن خوف و ہراس کی فضاء ہے۔