سرینگر(پی پی آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں بادل پھٹنے سے سرینگر-لہہ ہائی وے کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے اسے ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدارنے بتایا کہ ضلع گاندربل کے علاقے کچرون میں سڑک کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے سرینگر۔لہہ ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کے دوران بادل پھٹنے سے سڑک کو نقصان پہنچاہے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بادل پھٹنے سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے رہائشی مکانات سمیت کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ہائی وے کی بندش سے وادی کشمیر کا لداخ سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ امرناتھ یاترا کے لیے قائم بال تل کے بیس کیمپ تک بھی رسائی ناممکن ہوگئی ہے۔