سرینگر(پی پی آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقہ فرقہ وارانہ بھائی چارے کی ایک شاندار تاریخ رکھتا ہے اور یہاں کے مسلم اکثریتی طبقے اوراقلیتی برادریوں کے مابین ہمیشہ باہمی اعتماد و احترام کی فضا قائم رہی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ کشمیر کی سکھ برادری انتہائی مشکل حالات میں یہاں کی مسلم برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں نے چھٹی سنگھ پورہ کے المناک واقعے کے وقت بھی مسلمانوں کے ساتھ اپنے بھائی چارے کو ثابت قدمی کے ساتھ نبھایا۔میر واعظ نے سکھ برادر ی کو ان کے مذہبی تہوار گرو پورب کی مبارک باد یتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کشمیر کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کے درمیان روابط مزید بڑھیں گے اور باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر پھلتے پھولتے رہیں گے۔