کراچی (پی پی آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میرا تھن کے عروج نے پاکستان کے کھیلوں کے منظر نامے کو بدل کر رکھا دیا ہے، پاکستان میں AIMS سرٹیفائیڈ کراچی میراتھن متعارف کرانے سے ملک میں صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ انہیں عالمی معیار کے مطابق بنانے میں مدد ملی ہے، 2025 کی کراچی میراتھن مقامی سطح پر میراتھن مقابلوں میں شرکت کا شوق اور ان کی تیاری کے لئے شہریوں میں لگن کا احساس پیدا کرے گی جس سے پاکستان ان ممالک میں شامل ہوجائے گا جہاں اس قسم کے صحت مند کھیلوں کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کئے جاتے ہیں، یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں کراچی میراتھن 2025 کے منتظمین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 2024میں منعقد ہونے والی کراچی میراتھن کی کامیابی کے بعد میراتھن مقابلوں کے جوش و جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ میراتھن مقابلے کے لئے کی جانے والی تیاریاں قابل ستائش ہیں اور امید ہے کہ کراچی کے شہری بڑی تعداد میں اس میراتھن میں شرکت کرکے کھیلوں سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی میراتھن صرف ایک ریس ہی نہیں بلکہ روشنیوں کے شہر کراچی کے لئے بھرپور خراج تحسین بھی ہے، اس دوڑ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کرتے ہیں اور خود کو گلوبل رننگ کمیونٹی کا حصہ ثابت کرتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی میراتھن 2025کے انعقاد کے حوالے سے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، اس موقع پر کراچی میرا تھن 2025 ءکے آرگنائزز نے بتایا کہ کراچی میں اگلی میراتھن ریس 5 جنوری2025 کو منعقد کی جائے گی، کراچی میراتھن بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق منعقد کی جاتی ہے جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے لوگ شرکت کرتے ہیں اور نہایت جوش و جذبے کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیتے ہیں، انہوں نے میراتھن 2025 کے لئے تعاون فراہم کرنے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔