کراچی(پی پی آئی) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے قومی نشریاتی ادارے کے ایک پروگرام میں تجزیہ نگاروں کی جانب سے کینسر کے علاج سے متعلق گمراہ کن معلومات پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ کیموتھراپی کو دنیا بھر میں کینسر کے علاج کا اہم حصہ تسلیم کیا گیا ہے اور پاکستانی ڈاکٹرز عالمی سطح پر تصدیق شدہ پروٹوکولز کے مطابق کینسر کا علاج کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے معاشرے میں جہاں پہلے ہی توہمات اور غلط معلومات کی بناء پر مریض اپنا علاج کروانے سے کتراتے ہیں، قومی ٹی وی پر گمراہ کن معلومات عوام کا طبی علاج پر اعتماد مزید کم کرنے اور ان کی مشکلات میں اضافے کے سبب بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی نشریاتی ادارے کے طور پر درست معلومات کی فراہمی پاکستانی ٹیلی ویڑن کی اہم ذمہ داری ہے۔ پی ٹی وی کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے عوامی تصحیح جاری کرے اور مستقبل میں صحت کے موضوعات پر صرف مستند ماہرین کی رائے پیش کرے۔