مرتضیٰ وہاب: بجٹ میں صنعتی علاقوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کی کوشش جاری ہے

کراچی، 15 اپریل(پی پی آئی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے پر شجرکاری مہم کے تحت درختوں کی حوالگی کی تقریب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں صنعتی علاقوں کے لیے فنڈز مختص کرنے پر کام جاری ہے تاکہ انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے معاونت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں وزیر اعظم کو سات ارب روپے کے فنڈز کے لیے خط لکھا جا چکا ہے، جبکہ 80 ارب روپے پانی کے منصوبوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے-فور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے وفاقی حکومت سے مالی معاونت کی درخواست کی گئی ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کا دوسرا فیز 30 اپریل اور تیسرا فیز دسمبر 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔ جام صادق فلائی اوور 14 اگست 2025 تک مکمل ہوگا جبکہ کورنگی کراسنگ برج کو 30 اگست تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے شجرکاری مہم کو ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ عوامی شعور اجاگر کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بتایا کہ کورنگی انڈسٹریل زون کی بہتری کے لیے پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے، اور جون یا جولائی سے منصوبے پر عملی کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کاٹی کی جانب سے شاہراہ بھٹو کے دونوں اطراف درخت لگانے کی پیشکش کو سراہا۔صدر کاٹی جنید نقی نے بتایا کہ اس مہم کے تحت پانچ ہزار درخت عطیہ کیے گئے ہیں جن کی نگہداشت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی دنیا کا دوسرا بڑا شہر ہے، اور اس کی ترقی ماحولیاتی بہتری سے مشروط ہے۔ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے اس موقع پر سندھ حکومت اور بلاول بھٹو زرداری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے سات کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو باقاعدگی سے اجلاس کر رہی ہیں۔ انہوں نے نکاسی آب کے مسائل اور انکروچمنٹ پر بھی توجہ دلائی اور تجویز دی کہ سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ایک علیحدہ اتھارٹی قائم کی جائے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو، جی ایف ایس بلڈرز کے چیئرمین عرفان واحد، ایس ایس پی کورنگی طارق نواز، سابق صدر دانش خان، اور دیگر صنعتکار شریک ہوئے۔ اس موقع پر میئر کراچی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Next Post

پاکستان سے 9,61,000 سے زائد غیر دستاویزی افغانوں کی واپسی کی کوششوں کے درمیان روانگی

Wed Apr 16 , 2025
اسلام آباد، 16اپریل (پی پی آئی)  پاکستان سے غیر دستاویزی افغان باشندوں کی واپسی ایک اہم سنگ میل تک پہنچ گئی ہے، جہاں 9,61,000 سے زائد افراد ملک چھوڑ چکے ہیں۔ یہ پاکستانی حکومت کی رضاکارانہ روانگی کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر واپسی کی کوششوں کا […]