مظفر آباد،21اپریل (پی پی آئی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے شاعر مشرق، مفکر اسلام، فرزند کشمیر ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒکے یوم وفات کے موقع پر انہیں عقیدت و احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبالؒنے برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ آزادی دکھایا اور ان کے دلوں میں خودی، حریت، اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا۔ ان کی فکر نے ایک نئی سوچ اور سمت عطا کی جس کا نتیجہ قیام پاکستان کی صورت میں سامنے آیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اقبالؒ نے کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی اور تحریک آزادی کشمیر کو فکری بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو قوم کا حقیقی سرمایہ قرار دیا اور انہیں علم، کردار، اور خوداعتمادی کے ساتھ میدانِ عمل میں اترنے کا پیغام دیا۔چوہدری انوار الحق نے اقبالؒ کے افکار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کی تعلیمات ہمیں سکھاتی ہیں کہ کوئی قوم خودی، خود اعتمادی، اور قومی شعور کے بغیر باعزت مقام حاصل نہیں کر سکتی۔وزیراعظم نے کہا کہ اقبالؒ کی فکر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے رہنمائی کرتی ہے اور ہمیں استقامت، شعور، اور اتحاد کو اپنانے کا درس دیتی ہے۔ ان کا پیغام آج بھی مشعل راہ ہے اور اسے انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبالؒکے افکار پر عمل پیرا ہونے اور آزاد کشمیر کو ترقی، خودداری، اور علم و حکمت کا گہوارہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
Next Post
کراچی اور دبئی کی بزنس کمیونیٹیز کے درمیان تجارتی معاہدہ
Mon Apr 21 , 2025
کراچی،21اپریل (پی پی آئی) پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) دبئی نے پیر کو ایک اہم مفاہمت کی یادداشت (ایم […]
