نوشہرو فیروز،یکم جون(پی پی آئی) دریائے سندھ پر کانال اور کارپوریٹ فارمنگ منصوبوں کے خلاف قوم پرست تنظیموں نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔ دادو مورو پل پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی گئی، جب کہ نوشہرو فیروز ضلع اور مورو میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود مظاہرے جاری رہے۔
سندھ یونائٹیڈ پارٹی کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دریائے سندھ پر چھ نہریں بنا کر سندھ کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
جئے سندھ قومی محاذ کے کارکنوں نے بھی احتجاجی ریلی نکالی اور دادو مورو پل پر دھرنا دیا۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ وفاق کی جانب سے کینالوں کی تعمیر اور کارپوریٹ فارمنگ سے سندھ بنجر ہو جائے گا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یہ منصوبہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
دھرنے کے باعث دادو مورو پل پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی، جبکہ پولیس کی بڑی تعداد بند روڈ کو کھولنے کے لئے موقع پر موجود تھی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔