کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹوعارف علی خان عباسی کا کہنا ہے کہ پی سی بی سزا یافتہ مجرم محمد عامر کو سپورٹ کے بجائے ان کھلاڑیوں کے لیے آواز اٹھائے جن کے خلاف کسی عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔فاسٹ بالرمحمد عامر کی پانچ سالہ پابندی کی سزا میں کمی کی کوششوں کو سابق چیف ایگزیکٹو نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ کراچی میں انٹرنیشنل گالفر علی حئی کے دعوت ولیمہ میںخصوصی گفتگو کرتے ہوئے عارف علی خان عباسی کہتے ہیں ملک اور قوم کو دھوکا دینے والوں کے لئے نرم گوشہ سمجھ سے بالا تر ہے۔سابق چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ پی سی بی سزا یافتہ مجرموں کے لیے آواز اٹھانے کے بجائے دانش کنیریا جیسے کھلاڑیوں کے لیے آواز اٹھائے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے برطانوی وکیل کے ذریعے آئی سی سی میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ غلطی کا اعتراف کرنے کے بعد محمد عامر کی سزا میں کمی کی جانی چاہیے۔