کراچی (پی پی آئی)حکومتی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ایکسپورٹ سیکٹر کو شدید نقصان پہنچا ہے، رواں مالی سال کے دوران ایکسپورٹس کی مد میں پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان متوقع ہے، 9 ماہ کے دوران ایکسپورٹس میں تقریباً 10 فیصد تک کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں مسلسل ساتویں مہینے تنزلی ہوئی جو مارچ میں سال بہ سال 14.76 فیصد کم ہو کر 2 ارب 36 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 23-2022 کے ابتدائی 9 مہینوں (جولائی تا مارچ)میں برآمدات 9.87 فیصد کمی کے بعد 21 ارب 4 کروڑ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ سال کی اس مدت میں 23 ارب 35 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔برآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ اندرونی و بیرونی عوامل ہیں جس کی وجہ سے خاص طور پر ٹیکسٹائل کے صنعتی یونٹس کی بندش کے خدشات جنم لے رہے ہیں۔