مظفر آ باد(پی پی آ ئی) توہین عدالت کیس میں سردار تنویرالیاس کی نا اہلی کے بعد سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد کو قائم مقام وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے اور وہ نئے قائد ایوان کے انتخاب تک وزیراعظم کے امور سرانجام دیں گے۔صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے نئے قائد ایوان کے انتخاب تک سینئر وزیر کو وزیر اعظم کے اختیار دینے کے لئے سمری پر دستخط کئے۔بعدازاں چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر کے دستخطوں سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق خواجہ فاروق نئے وزیراعظم کے انتخاب تک فرائض سر انجام دیں گے۔پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے خواجہ فاروق احمد دارالحکومت مظفرآباد سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔وہ اس سے قبل بھی قانون ساز اسمبلی کے ممبر اور وزیر رہ چکے ہیں۔خواجہ فاروق احمد کے خاندان کا آبائی تعلق مظفرآباد کی وادی کوٹلہ سے ہے اور ان کے والد خواجہ عثمان قیام پاکستان سے قبل مظفرآباد شہر کی سیاسی و سماجی شخصیت رہ چکے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روزہائی کورٹ آزاد کشمیر نے وزیراعظم سردار تنویرالیاس کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نااہل قرار دیا جبکہ ان کی غیر مشروط معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی تھی۔سردار تنویر الیاس حلقہ ایل اے 15 باغ سے الیکشن جیت کر اسمبلی میں آئے تھے، وہ 27 جولائی 2021 کو اسمبلی رکن منتخب ہوئے اور 18 اپریل 2022 کو انہوں نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔